کوئٹہ: جامعہ بلوچستان کے جبری لاپتہ طلباء کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

236

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں ہفتے کے روز مختلف طلباء تنظیموں نے بلوچستان یونیورسٹی کے لاپتہ طالب علموں کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا –

رواں سال کے نومبر میں بلوچستان یونیورسٹی سے جبری گمشدگی کے شکار ہونے والے طالبعلم سہیل بلوچ اور فصیح اللہ بلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف طلباء تنظیموں نے آج کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ساتھی طلباء کی بازیابی کا مطالبہ کیا –

ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور لاپتہ طلباء کی تصویریں اٹھا کر مظاہرین نے جبری گمشدگیوں کے خلاف نعرہ بازی کی –

مظاہرین نے بلوچستان یونیورسٹی سے جبری طور پر لاپتہ کئے گئے طالبعلموں کی فوری باحفاظت بازیابی اور تعلیمی اداروں سے فورسز کی انخلاء کا مطالبہ کیا –

یونیورسٹی سے لاپتہ ساتھیوں کی عدم بازیابی اور تعلیمی اداروں سے فورسز کی انخلاء اور تعلیمی اداروں میں پرامن تعلیمی ماحول کی عدم فراہمی کی صورت میں احتجاج میں شدت لانے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں خوف کا ماحول پیدا کیا گیا ہے –

مظاہرے میں شریک طلباء اور طالبات نے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت بدترین انسانی حقوق کی پامالی جاری ہیں اور اس سلسلے کو بند ہونا چاہیے –

ساتھی طلباء کی عدم بازیابی کے خلاف سراپا احتجاج طلباء نے کہا کہ طاقتور قوتوں کے سامنے بلوچستان حکومت بے بس اور لاچار نظر آتا ہے –

یاد رہے کہ بلوچستان یونیورسٹی سے دو طالب علم سہیل بلوچ اور فسیح بلوچ کی جبری گمشدگی کا معاملہ رواں سال کے یکم نومبر کو سامنے آیا تھا –

طلباء ساتھیوں کی گمشدگی کے خلاف بلوچستان یونیورسٹی کے احاطے میں طلباء نے تین ہفتوں تک احتجاجی دھرنا دیا تھا اور اس موقع پر بلوچستان یونیورسٹی تمام تر سرگرمیوں کے لیے بند رہا –

حکومت بلوچستان نے طلباء سے مزکرات کرتے ہوئے چند دنوں میں طلباء کی بازیابی کا وعدہ کیا تھا تاہم وہ اس میں ناکام رہے اور اس دوران طلباء تنظیموں کی جانب سے بلوچستان بھر میں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہی –

خیال رہے کہ بلوچستان میں طلباء اور طلباء رہنماؤں کی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگیوں کا معاملہ کئی سالوں سے جاری ہے -بلوچ طلباء قیادت نے بلوچستان کے تعلیمی اداروں سے فورسز کو نکالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں پرامن ماحول فراہم کرکے طلباء کو خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے –