حق دو بلوچستان تحریک کی حمایت میں کراچی میں ریلی

309

گوادر میں جاری “حق دو بلوچستان تحریک” کی حمایت میں کراچی کے عوام بھی سڑکوں پر نکل آئے۔

جہانگیر روڈ کے علاقے میں حق دو بلوچستان تحریک کی حمایت میں ریلی نکالی گئی جس کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ماہی گیروں سمیت بلوچستان کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

ریلی کے شرکاء سے  ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ جب بھی بلوچستان میں ظلم ہوا کراچی کے عوام نے ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی ستر سال سے بلوچستان کا استحصال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں احتجاجی تحریک کے خلاف سازش کے تحت ماہیگیروں کو لڑایا جارہا ہے۔ سندھ کے ماہیگیروں سمیت تمام طبقات کو چاہیے کہ وہ ہمارا ساتھ دیں۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اعلان کیا کہ وہ بہت جلد کراچی بھی آئیں گے۔

بزرگ رہنما حسین واڈیلا نے اپنے خطاب میں بلوچستان کے ساتھ ہم آواز ہونے پر کراچی کے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایک منصوبہ کے تحت تحریک کے خلاف سازش کی جارہی ہے لیکن سازشی عناصر ناکام ہوگئے اور تحریک اب مزید پھیل رہی ہے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نثار موسیٰ، ابوبکر بلوچ، ایڈووکیٹ شکیل بلوچ، ایاز بلوچ اور دیگر نے کہا کہ کراچی کے عوام بلوچستان حق دو تحریک کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے سیکیورٹی کے نام پر ماہیگیروں کی تذلیل کاسلسلہ بند کیا جائے بلوچستان سمیت کراچی کے بلوچ علاقوں میں منشیات کا کاروبار بند کرائی جائیں۔