ترکی کے سیکیورٹی اداروں نے صدر رجب طیب اردوغان پر قاتلانہ حملے کی سازش ناکام بنا دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوغان پر صوبے سیرت میں بم دھماکے کے ذریعے حملے کی کوشش کو ترک سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ طیب اردوغان صوبے سیرت میں ایک ریلی میں شریک تھے، اس دوران پولیس کی گاڑی جو ریلی کی حفاظت پر مامور تھی، سیکیورٹی فورسز نے گاڑی کے نیچے سے بم برآمد کیا جس کو فوراً بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔
ترک میڈیا کے مطابق واقعہ کے بعد فرانزک ٹیموں نے کار کو گھیرے میں لیکر انگلیوں کے نشانات اور دیگر شواہد جمع کرلیے ہیں جب کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب رجب طیب اردوغان نے ہفتے کے روز سیرت میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے مستقبل میں دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم ملک کے کسی بھی نوجوان کو دہشت گرد گروہوں کا حصہ نہیں بننے دیں گے۔