بلوچستان: کوسٹل ہائی وے پولیس کی منظوری، 9 مقامات پر چیک پوسٹ قائم ہونگے

635

حکومت بلوچستان نے مکران کوسٹل ہائی وے کی سکیورٹی کے لیے کوسٹل ہائی وے پولیس کی منظوری دے دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوسٹل ہائی وے پولیس تشکیل دینے کے لیے ڈی آئی جی ہائی وے بلوچستان برکت حسین کھوسہ کو خصوصی ٹاسک تفویض کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق کوسٹل ہائی وے پولیس 1000 نفری پر مشتمل ہوگی جب کہ کوسٹل ہائی وے پر 2 ریسکیو سینٹر اور 9 مختلف مقامات پر چیک پوسٹیں تعمیر کی جائیں گی، ہر ایک پوسٹ کے لیے 100 اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 3 پوائنٹ پر سرکل آفیسز قائم کیے جائیں گے جہاں ڈی ایس پیز تعنیات ہو ں گے، 2 ایس پی آفس اورماڑہ اور گوادر کے مقام پر قائم ہوں گے جب کہ ایک ڈی آئی جی اورماڑہ کے مقام تعینات ہوگا، گوادر کی تحصیل اورماڑہ کو صدر مقام بنانے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ 2 ریسکیو سینٹروں میں 50 اہلکاروں کے لیے گنجائش ہوگی۔ دوسری جانب آئندہ مالی سال جولائی کے مہینے میں مکران بھر سے بھرتیاں کی جائیں گی اور چیک پوسٹوں کی تعمیرات کا سلسلہ شروع ہوگا۔

ہائی وے پولیس اسٹیشنوں اور ریسکیو سینٹرز کی تعمیرات پر 800 ملین سے زائد لاگت آئے گی، پہلے مرحلے میں 400 کانسٹیبل اور دیگر اہلکاروں کی بھرتیاں مکران کے تینوں اضلاع گوادر، کیچ اور پنجگور سے کی جائیں گی ۔