بجلی کی عدم فراہمی بلوچستان کے دیگر علاقوں کے طرح کوہلو میں بھی احتجاجی مظاہرہ

203

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور طویل بریک ڈاؤن کیخلاف شہری شدید سردی میں رات کے وقت سڑکوں پر نکل آئے اور گریڈ اسٹیشن کے سامنے دھرنا دے کر واپڈا کیخلاف سخت نعرے بازی کی گئی-

دھرنے میں بیٹھے شرکاء کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک ہفتہ علاقہ بجلی سے محروم ہے، مکین بجلی دیکھنے کو ترس گئے ہیں مختصر اوقات میں بجلی کی فراہمی بھی بہت کم مقدار میں ہوتی ہے تین سال سے ہم اس مسئلے پر واپڈا اور پی ایچ ائی کیخلاف دھرنا دے رہے ہیں لیکن اب تک ہماری کوئی بات سنی نہیں گئی –

مظاہرین کا کہنا تھا گذشتہ ایک ہفتے سے سٹی فیڈر اور گردونواح میں مسلسل لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کے باعث ڈسٹرکٹ ہسپتال میں مریضوں کو سخت مشکل درپیش ہے جبکہ شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور زراعت کا شعبہ بھی تباہ ہوتا جا رہا ہے-

شرکاء نے ڈپٹی کمشنر کوہلو و دیگر احکام بالا سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واپڈا اور پی ایچ آئی کے کرپٹ مافیا کو ہتھکڑیاں لگا کر ان سے بجٹ کا حساب لیا جائے-