اسلام آباد: وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع ریلی نکالے گی – اعلامیہ

242

جبری طور پر لاپتہ بلوچوں کیلئے آواز اٹھانے والی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاجی ریلی نکالے گی جبکہ اس حوالے سے منعقد کانفرنس میں لواحقین شرکت کرینگے۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر دارالحکومت اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چونکہ بلوچستان نیشنل پارٹی 10 دسمبر کو انسانی حقوق کا عالمی دن منانے جا رہی ہے، جسے عالمی سطح پر انسانی حقوق کے عالمی دن کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز اس کانفرنس سے ایک دن پہلے 9 دسمبر کو دوپہر 2 بجے ریلی نکالے گی۔

مزید کہا گیا ہے کہ دس دسمبر کو بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیراہتمام عالمی یوم انسانی حقوق کے دن کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے رہنماء اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے لاپتہ افراد لواحقین آکر شرکت کرینگے جبکہ ہم تمام مکاتب فکر سے لوگوں سے اس کانفرنس اور ریلی میں شرکت کی اپیل کرتے ہیں۔

واضح رہے عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر کراچی میں بھی وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی اور بلوچ یکجہتی کمیٹی مشترکہ طور پر سیمینار کا انعقاد کررہے ہیں۔

مشترکہ سیمینار کی تیاری کے سلسلے میں مذکورہ تنظیموں کے سربراہان نے گذشتہ روز کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور انتظامات کے حوالے سے گفتگو کی۔

ماما قدیر بلوچ کا کہنا تھا کہ آج سے جبری طور پر لاپتہ افراد کے کیمپ کو کراچی پریس کلب کے سامنے لگایا جائے گا جو سرمائی مدت میں کراچی پریس کلب کے سامنے قائم رہے گا۔

ماما قدیر کے علاوہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ بھی کراچی پہنچ گئے۔ پریس کلب کے دورے کے موقع پر بی وائی سی کی آرگنائزر آمنہ بلوچ اور ڈپٹی آرگنائزر وہاب بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

واضح رہے کہ جبری بلوچ لاپتہ افراد کے لیے احتجاجی کیمپ موسم گرما میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لگایا جاتا ہے جبکہ سرمائی مدت میں اسے کراچی منتقل کیا جاتا ہے۔

دریں اثناء بلوچ سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کی جانب سے اسی روز #StopHRViolationsInBalochistan کے ہیش ٹیگ کیساتھ آن لائن کمپئین کا اعلان کیا گیا ہے۔