بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن تربت زون کی جانب سے گورنمنٹ عطاشاد ڈگری کالج میں نئے آنے والے طلباء کے اعزاز میں سیمنار منعقد کیا گیا، سیمینار کے مہمان خاص تنظیم کے چیئرمین جہانگیر منظور بلوچ اور اعزازی مہمان کالج کے پرنسپل ڈاکٹر واحد بخش بلوچ تھے۔
پروگرام میں بی ایس او کے سینئر وائس چیئرمین اشرف بلوچ، سیکریٹری جنرل ماما عظیم بلوچ، سینٹرل کمیٹی کے اراکین آغا عدنان شاہ اور کریم شمبے بلوچ شریک تھے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین جہانگیر منظور بلوچ نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کے اکثر تعلیمی ادارے حکومتی تعلیم دشمنی کے باعث جمود کے شکار ہیں اور جب بھی یہاں کے طلباء نے ان مسائل کے خلاف آواز بلند کی ہے تو طاقت کے ذریعے ان کی آواز کو دبانے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔
بی ایس او نے ان مسائل کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور وقت کا یہی تقاضا ہے کہ بلوچستان کے تعلیمی مسائل کو حل کرنے کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ان مسائل کی بیخ کنی کیلئے کردار ادا کریں، تعلیمی اداروں کے تنزلی حکمران کی بدنیتی و بلوچ دشمنی کو واضح کرتے ہیں اور اب بلوچستان کے ہر سیاسی کارکن، طلباء و دیگر کا فرض بنتا ہے بلوچستان کے تعلیمی، سیاسی، سماجی و آئینی حقوق کیلئے قومی جہد میں اپنا حصہ ڈالیں۔
سیمینار سے مرکزی سیکرٹری جنرل ماما عظیم بلوچ اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے خطاب میں کہا بلوچ نوجوانوں نے قومی جہد میں بے تحاشا مشکلات اور تشدد برداشت کیا ہے لیکن کبھی بھی قومی استحصال کے خلاف خاموش نہیں رہے ہیں، حکمران مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے بلوچ نوجوانوں کو قومی سیاست سے بد دل کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں اسی آڑ میں بلوچستان میں گروہی و غیر سیاسی قوتوں کو ٹاسک دے کر طلباء سیاست کو ختم کرنے کی ناکام کوششیں عمل میں لائی جارہی ہیں اور اس کا واحد مقصد بلوچستان کے قومی سیاست کے سوچ کو کچلا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ بی ایس او یہ واضح کرتی ہے وہ بلوچ نوجوانوں کی سیاسی تربیت اور پرامن جدوجہد کے ذریعے بلوچستان میں ہونے والے کسی ناانصافی کے خلاف خاموش نہیں ہوگی۔
بعد ازاں مرکزی قیادت نے تربت زون اور عطاء شاد ڈگری کالج یونٹ کے عہدہ داروں کے ہمراہ کالج کے پرنسپل اور دیگر اساتذہ سے ملاقات کی اور کالج کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کی۔