بلوچستان میں تلور کے شکار کیلئے عرب شیوخ کو پرمٹ جاری کردیئے گئے

375

عرب شیوخ کی جانب سے بلوچستان کے 7 اضلاع میں شکار کی اجازت طلب کی گئی جن میں ژوب، پسنی، اورماڑا، گوادر، خاران، پنجگور اور ضلع واشک شامل ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے انہیں مختلف جگہوں پر اجازت دی گئی ہے۔

ڈپٹی سپریم کمانڈر متحدہ عرب امارات آرمڈ فورسز جنرل شہزادہ شیخ محمد بن زید النہیان صرف بلوچستان کے ضلع سبی کی تحصیل لہڑی میں شکار کریں گے۔ شہزادہ شیخ ہمدان بن محمد بن راشد المکتوم پنجاب کے دو اضلاع مظفر گڑھ اور بہاولپور میں شکار کریں گے۔ شاہی خاندان کے فرد اور ویسٹرن ریجن کے صدر کے ترجمان شیخ ہمدان بن زید النہیان، بلوچستان کی تحصیل لہڑی، بولان، اولڈ کچھی، سنی اور شوران جبکہ سندھ کے خیرپور ناتھن شاھ غیبی دیرو، شہداد کوٹ، خیرپور، جوہی اور فرید آباد میں شکار کریں گے۔

ہیڈ آف سینٹرل ملٹری کمانڈ ڈپٹی چیئرمین دبئی پولیس اینڈ پبلک سیفٹی میجر جنرل شیخ احمد بن راشد المکتوم جو شاہی خاندان کا رکن بھی ہے سندھ میں ضلع تھرپارکر، ضلع عمرکوٹ اور مٹھی کے علاقوں میں شکار کریں گے ۔متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے رکن شیخ راشد بن خلیفہ المکتوم ضلع بدین، ضلع ٹھٹھہ کے علاقے جنگ شاہی، دھابیجی ضلع ملیر میں شکار کریں گے۔صدر کے مشیر اور متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے فرد ڈاکٹر شیخ سلطان بن خلیفہ بن زید النہیان بلوچستان کی تحصیل ڈیرہ مراد جمالی میں شکار کریں گے۔ متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے رکن میجر جنرل شیخ الموربن مکتوم المکتوم بلوچستان کی تحصیل سمنگلی اور تحصیل پنج پائی ضلع کوئٹہ میں شکار کریں گے۔

قطر کے صدر اور شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 18 افراد کو شکار کے پرمٹ جاری کی گئی ہیں۔ ریاست قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد التھانی پاکستان کے 3 صوبوں پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں شکار کریں گے۔

ان علاقوں میں پنجاب کا ضلع جھنگ اوربلوچستان کا ضلع قلات شامل ہے۔ اس کے علاوہ سندھ کے ضلع ڈیپلو اور ضلع تھرپارکر کے اسلام کوٹ میں بھی شکار کھیلا جائے گا۔ قطر کے وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز التھانی سندھ کے ضلع جیکب آباد میں شکار کریں گے۔ قطر کے امیر کے والد شیخ حماد بن خلیفہ التھانی پنجاب کے ضلع خوشاب میں شکار کریں گے۔ قطر کے نائب وزیر اعظم اور امیر کے مشیر شیخ محمد بن خلیفہ التھانی بلوچستان کے ضلع لورالائی میں شکار کریں گے۔ قطر کے امیر کے بھائی شیخ جاسم بن حماد التھانی بلوچستان کے ضلع موسی خیل میں شکار کریں گے۔قطر کے شاہی خاندان کے فرد شیخ فیصل بن نصیر بن حما التھانی کو شکار کے لئے بلوچستان کا ضلع تربت/ کیچ الاٹ کیا گیا ہے۔

شاہی خاندان کی سپریم کونسل کے رکن علی بن عبداللہ تھانی جاسم التھانی بھی بلوچستان کا ضلع تربت/ کیچ میں شکار کریں گے۔ قطر کے سابق امیر کا چھوٹا بھائی شیخ فلاح بن جاسم بن جابر التھانی بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں شکار کریں گے۔ قطر کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والا شیخ ڈاکٹر فہد بن عبدالرحمن بن حماد التھانی سندھ کے ضلع تھرپارکر کی تحصیل چھاچھرو اور ڈاھلی میں شکار کریں گے۔ شاہی خاندان کے فرد شیخ جاسم بن فیصل بن قاسم بن فیصل التھانی پنجاب کے ضلع بہاولنگر میں شکار کریں گے۔ قطر کے شاہی خاندان کے فرد شیخ محمد بن فیصل ٹی جے التھانی بلوچستان کے ضلع قلع سیف اللہ میں شکار کریں گے۔ بحرین کے شاہی خاندان کے فرد شیخ خالد بن راشد بن عبداللہ الخلیفہ سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں شکار کریں گے۔