ہوشاپ واقعہ: جانبحق بچوں کے لواحقین کا میتوں کے ہمراہ دھرنا دوسرے روز جاری

136

ضلعی انتظامیہ ایف سی کو بری الزمہ کرنے کی کوشش کررہا ہے – لواحقین

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں گذشتہ روز پاکستانی فورسز ایف سی کے ہاتھوں جانبحق بچوں کے لواحقین کا میتوں کے ہمراہ آج دوسرے روز بھی تربت کے شہید فدا چوک پر دھرنا جاری ہے –

دھرنے کے مقام پر آل پارٹیز کیچ، سول سوسائٹی، طلباء تنظیموں اور دیگر مکاتب فکر کے لوگ اور خواتین کی بڑی تعداد لواحقین کے ساتھ موجود ہیں –

اس موقع پر ڈی سی کیچ حسین جان بلوچ نے دھرنے میں آکر لواحقین سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ایف سی ملوث نہیں ہے-

انہوں نے کہا کہ ایف سی بلاوجہ کسی کو نہیں مارتی ہے –

ڈی سی کیچ نے کہا کہ میں ایف سی کا دفاع نہیں کررہا ہوں لیکن اس واقعہ میں ایف سی ملوث نہیں ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جائے وقوعہ سے ہینڈ گرنیڈ کے کلچ برآمد ہوا ہے –

انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کیچ، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے، میں انکے ساتھ جاکر علاقے کا معائنہ کرونگا –

حسین جان بلوچ نے کہا کہ یہاں بیٹھ کر کسی کو ملوث کرکے ایف آئی آر درج نہیں کی جائے گی –

اس موقع پر بچوں کی لواحقین نے کہا کہ واقعہ میں ایف سی ملوث ہے اور ایف سی کو بچانے کے لئے جھوٹ بولا جارہا ہے –

لواحقین نے کہا کہ بچے گھر کے پیچھے کھیل رہے تھے کہ ان پر قریبی کمیپ سے ایک گولہ گرا –

لواحقین کے مطابق ایف سی کمیپ ہمارے گھروں کے اتنے نزدیک ہے کہ رات کو انکی روشی ہمارے گھروں تک پہنچ جاتی ہے –

انکے مطابق واقعہ کے بعد ایف سی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اپنے ساتھ لے گئے –

اس موقع پر گذشتہ مہینے ایف سی کے ہاتھوں جانبحق ہونے والی خاتون تاج بی بی کے رشتہ دار بھی دھرنے میں موجود تھے اور انہوں نے ڈی سی کیچ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح تاج بی بی مقدمہ کا حشر ہوا ہمیں لگتا ہے کہ اس واقعہ کو بھی نامعلوم افراد کے خلاف درج کرکے ختم کیا جائے گا-

دھرنے میں موجود عطاء شاد ڈگری کالج کے طالب علم جمیل بلوچ نے دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو بتایا کہ ہمیں لگتا ہے کہ سیاسی جماعتیں ایف سی کے خلاف دھرنے کا بوجھ اٹھا نہیں سکتے ہیں اور وہ لواحقین کو مجبور کرینگے کہ وہ ڈی سی کے سامنے معاوضہ اور دیگر چند مطالبات رکھ کر لاشیں دفنا دیں-

جمیل بلوچ نے کہا کہ تربت کے عوام اور نوجوان لواحقین کے ساتھ رہیں تو انکا حوصلہ بلند ہوگا –

یاد رہے کہ کل بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ھوشاب میں ایک مارٹر گولہ پھٹنے سے دو بچے جانبحق اور ایک شدید زخمی ہوا تھا –

اس واقعہ کے ردعمل میں کل ھوشاب میں شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے سی پیک روٹ کو بند کردیا اور بعدازاں لواحقین لاشوں کے ہمراہ تربت پہنچ گئے اور گزشتہ رات سے شہید فدا چوک پر میتوں کے ہمراہ دھرنا دیے ہوئے ہیں –

لواحقین کا مطالبہ ہے کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کرکے ملوث اہلکاروں کو سزا دی جائے –