پنجگور: ایک روزہ ادبی میلے کا انعقاد

157

عزت اکیڈمی کے زیر اہتمام کونسل ہال پنجگور میں ایک روزہ ادبی میلے کا انعقاد، پنجگور سمیت بلوچستان سے نامور ادیبوں کی شرکت، میلے میں مقالہ، بحث و مباحثہ، تقریب رونمائی کتاب اور مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔

ادبی میلے میں پنجگور کے سماجی شخصیات، آفیسران ، سول سوسائٹی کے اراکین، شاعر، ادیب، طلباء و طالبات سمیت مختلف مکاتب فکر کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پروگرام میں بلوچی زبان کے مایہ ناز ادیب پروفیسر اے آر داد، بلوچستان یونیورسٹی میں شعبہ بلوچی کے چیئرمین رحیم مہر، ڈاکٹر نعمت اللہ گچکی، فقیر محمد عنبر سمیت کئی شخصیات نے شرکت کی۔

عطاء مہر نے اپنے افتتاحی کلام سے باقاعدہ پروگرام کا آغاز کیا اور کمپئرنگ کے فرائض سر انجام دیئے۔۔

پہلے سیشن میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید بلوچ نے مرحوم اشرف فضل کی یاد میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پروفیسر اشرف بلوچ کے بلوچی ادب کیلئے اس کے گراں قدر خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

پروگرام کے دوسرے حصے میں پنجگور کی تاریخ اور ادب کے موضوع پر پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا جس میں پنجگور کے نامور شخصیت عبیداللہ بلوچ نے ماڈریٹر جبکہ بلوچی زبان کے عہدساز افسانہ نگار ڈاکٹر نعمت اللہ گچکی اور پروفیسر سجاد کوثر نے موضوع پر سوالات کے جوابات دیے۔

پروگرام کے تیسرے حصے میں زال کمال کے نام سے پرنسپل گرلز کالج خدابادان پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ ہاشم نے اپنے تجربات، خیالات اور تجاویزات شئیر کئے۔

پروگرام کے چھوتے حصے میں بلوچی زبان کے نامور محقق اور نقاد پروفیسر اے آر داد اور پروفیسر رحیم مہر بلوچ نے ملا عزت کی زندگی اور فن پر اپنے اپنے مقالے پیش کئے۔

پروگرام میں عزت اکیڈمی کی جانب سے شروع کیا گیا ایوارڈ عزت داد تقسیم کی گئی جس کی تفصیل یوں ہے

شاعری کا ایوارڈ ملک ابرار نے حاصل کیا ،ترجمے کا ایوارڈ مرحوم اشرف فضل کے نام ہوا ،افسانہ کا ایوارڈ ڈاکٹر نعمت اللہ گچکی نے حاصل کیا،لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ فقیر محمد عنبر نے حاصل کیا۔

پروگرام کے پانچویں حصے میں مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں شعراء نے اپنے اپنے شعر پڑھ کر داد وصول کیے
پروگرام کے آخری حصے میر چئیرمین عزت اکیڈمی خدارحم شوہاز نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور باقاعدہ پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔

پروگرام میں کثیر تعداد میں کتابوں کے اسٹال لگائے گئے تھے جہاں شرکاء نے بڑی تعداد میں کتابیں خرید لیے۔