بی ایس او اوتھل زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد

214

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اوتھل زون کا جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت زونل صدر عامر نذیر بلوچ منعقد ہوا جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل ماما عظیم بلوچ مہمان خاص جبکہ کراچی زون کے سابقہ صدر عبداللہ میر اعزازی مہمان شریک ہوئے۔

اجلاس میں سابقہ زونل کارکردگی رپورٹ، مرکزی سرکیولر،بلوچستان کا موجودہ سیاسی صورتحال،طلبہ کو درپیش تعلیمی و سماجی مسائل ، بین القوامی سیاست سمیت آئندہ کا لائحہ عمل زیر بحث رہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکریٹری جنرل ماما عظیم بلوچ نے کہا کہ کسی بھی انقلابی ادارے کی مضبوطی شعوریافتہ اور سنجیدہ سیاسی کارکنان پر ہے۔ بی ایس او کے سیاسی وارث بلوچ طالبعلم ہیں جنکی شعوری جدوجہد اور عمل سے تنظیم کو تقویت ملتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دو دہائیوں بعد بڑی سیاسی تبدیلی خطہ سمیت بلوچستان پر براہ راست اثرانداز ہوسکتی ہے۔ موجودہ وقت و حالات میں جہاں چائنہ جیسی استحالی قوتیں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے حربے آزمارہے ہیں تو دوسری طرف دنیا کے دیگر طاقتور ممالک کی نظریں بھی بلوچ بحر پر ہیں۔ بلوچستان کا جغرافیہ جنگی اور معاشی طور پر ہمیشہ اہمیت کا حامل رہا ہے جس سے اس دھرتی نے ہمیشہ بین القوامی یلغار کا سامنا کیا ہے۔ موجود حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے بلوچ نوجوان سیاسی مطالعہ اور علمی مباحثوں کا حصہ بنیں۔ مطالعے اور عملی جدوجہد سے ہی تمام تر حالات کا مقابلہ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقل مزاجی سے جدوجہد کا راستہ اپنا کر بلوچ طالبعلم قومی سوال کی پرچار کریں۔ نوجوانوں کو گوناگوں مسائل سے الجھا کر قومی سوال سے بیگانہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ طالب علموں پر دانستہ طور پر تعلیم کے راستے بند کیے جارہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے پرامن طلبہ پر تشدد کرکے انکو زندانوں میں رکھا گیا جبکہ تعلیمی اداروں کی غیرفعالی پر حکومت غیرسنجیدگی بھی المیہ ہے۔

آخر میں الیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی زونل کابینہ کا چناؤ کیا گیا جس میں،عدنان بلوچ صدر،شعیب بلوچ سینیئر نائب صدر،حارث بلوچ جونیئر نائب صدر،رضوان بلوچ جنرل سیکرٹری،یاسین بلوچ سینیئر جوائنٹ سیکرٹری،شیر جان بلوچ جونیئر جوائنٹ سیکریٹری جبکہ محمود بلوچ پریس سیکرٹری، منتخب ہوئے۔

سیکریٹری جنرل ماما عظیم بلوچ نے نومنتخب زونل کابینہ سے حلف لیا اور مبارکباد پیش کی۔