جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولوی ہدایت الرحمان بلوچ نے پیر کے روز بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی اور دہشت گردی کا ذمہ دار پاکستانی فورسز ایف سی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ادارے عوام کی حفاظت کے لیے ہوتے ہیں مگر بلوچستان میں کاروبار کررہے ہیں۔ ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ ایف سی اور کوسٹ گارڈ نے لوگوں کا کاروبار چھین کر خود کاروبار شروع کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فورسز کے کیمپوں میں ڈیزل اور گھی پائے جاتے ہیں یا وہ دہشت گرد جو کرنل کے ساتھ بیٹھے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہاں کے لوگوں کو متحد ہوکر اپنی حقوق کے لیے پرامن جدوجہد کرنا چاہیے، یہ چاہتے ہیں کہ ہم پہاڑوں میں جائیں لیکن ہم ان گلی کوچوں میں رہ کر انکا گریبان پکڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ منظم ہوں جلد ٹوکن سسٹم اور کاروباری کی بندش کے خلاف لاکھوں لوگ تربت میں جمع کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ روز مرنے سے بہتر ہے کہ ایک دن مر جائیں اب ان باہر سے آئے ہوئے لوگوں نے ہماری عزت پر ہاتھ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ بے غیرت نہیں بلکہ اپنی عزت کے لیے جان دینگے۔