بساک حب زون کا جنرل باڈی اجلاس، زونل کابینہ تشکیل دی گئی

307

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی حب زون کا زونل جنرل باڈی اجلاس زیرِ صدارت سابقہ زونل صدر فراز بلوچ منعقد ہوا، جس میں مرکزی کمیٹی کے ممبر اظہر بلوچ بطورمہمانِ خاص اور مرکزی کمیٹی کے ممبر اعجاز بابا بطور اعزازی مہمان شریک ہوئے۔

اجلاس میں مرکزی سرکولر ، سابقہ زونل رپورٹ، تنقیدی نشست، تنظیمی امور پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل میں نئی کابینہ کا انتخاب کیا گیا، جس میں احسان بلوچ زونل صدر اور نعت بلوچ زونل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے ممبر اظہر بلوچ نے کہا کہ زونل سطح پر جنرل باڈی اجلاس تنظیم کا سب سے اہم پلیٹ فارم ہوتا ہے جہاں پر تمام ممبران کو آزادیِ رائے حاصل ہے اور تنقید برائے تعمیر ہی سے ادارے مضبوطی اور منظمی کی جانب گامزن ہوتے ہیں ۔

تنظیم تمام ممبران کے اجتماعی کوششوں اور جدوجہد کی بدولت ترقی کرتے ہیں ۔ اس وقت بلوچ طلباء سیاست ایک نہایت مشکل دور سے گزر رہا ہے جہاں مختلف طریقوں سے طلباء کو زدو کوب کرنے کے ساتھ ساتھ پروپیگنڈوں کے نت نئے محاذ سامنے آرہے ہیں۔ بحثیت تنظیمی کارکن ہم سب پر فرض بنتا ہے کہ اپنے انفرادی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور تنظیم کو مزید محکم بنانے کے لیے جدوجہد کریں تاکہ بلوچ طلباء سیاست ان مشکلات کا مضبوطی کے ساتھ سامنا کر سکے ۔

انہوں نے اپنے خطاب میں مذید کہا کہ اس وقت ملک بھر میں بلوچ علاقوں کے تعلیمی ادارے ایک شدید بحران کے شکار ہیں ۔ اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباءو طالبات ہر وقت اپنے تعلیمی مسائل اجاگر کرنے سڑکوں پر درپدر نظر آتے ہیں۔ اس صورتحال میں تنظیمی ذمہ داران پر ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود تعلیمی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے کوششیں کریں۔ اس کے علاوہ تنظیمی ارکان کے لیے ضروری ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ کتابوں کا مطالعہ کریں، اپنا وقت سیاسی بحث مباحثے میں گزاریں تاکہ بلوچ طلباء سیاست ایک شعوری راہ لے سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی ممبر اعجاز بابا نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے ممبران کی سیاسی و شعوری تربیت کے لئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں ۔ سیاسی لٹریچر مہیا کرنے کے لیے تنظیم باقاعدگی کے ساتھ نوشت آرگن شائع کررہی ہے۔ اس کے علاوہ تنظیمی ممبران کی تربیت کے لئے اسٹڈی سرکل، لیکچر سیشنز اور مختلف سیمیناروں کا انعقاد کررہی ہے۔ اب یہ تنظیمی ممبران کی ذمہ داری کہ وہ ان تربیتی سرگرمیوں میں دلچسپی لیں اور زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔ حب چوکی جہاں طلباء سیاست اپنی شروعات میں ہے وہاں سیاسی سرگرمیوں کو آگے لے کر جانے میں کافی مشکلات درپیش ہیں لیکن تنظیمی ذمہ داروں کی بھرپور کوششوں کے بدولت آج بساک حب چوکی میں مزید مضبوط ہورہی ہے۔

اجلاس کے آخری ایجنڈا آئندہ لائحہ عمل میں مختلف فیصلے لیے گئے اور نئے کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں احسان بلوچ زونل صدر، زونل نائب صدر سلمان بلوچ، نعمت بلوچ زونل جنرل سیکرٹری ، زونل ڈپٹی جنرل سیکرٹری عرفان بلوچ اور زونل انفارمیشن سیکرٹری وسیم بلوچ منتخب ہوئے۔

اظہر بلوچ نے منتخب کابینہ سے حلف لیا۔ نئے منتخب کابینہ نے اپنے ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھانے کا اعادہ کیا ہے ۔