افغانستان کے شمالی صوبہ کنڑ میں بم دھماکے میں طالبان پولیس چیف ہلاک جبکہ گیارہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دھماکہ گاڑی میں ہوا تھا جس میں ضلعی پولیس چیف سمیت دیگر افراد بھی سوار تھے۔
طالبان عہدیداروں کے مطابق دھماکہ صوبہ کنڑ کے دارالحکومت اسد آباد میں ہوا ہے جس میں ضلع شگل کے پولیس چیف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ طالبان عہدیدار کے مطابق دھماکے میں پولیس چیف ہلاک جب کہ گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کنڑ کے مرکزی ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے اے ایف پی کو بتایا کو گیارہ زخمیوں میں چار طالبان جنگجو جب کہ سات شہری شامل ہیں۔
دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی تاہم اس سے قبل داعش نے طالبان پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
2014 میں داعش کی افغانستان میں موجودگی کے بعد سے طالبان کی حریف گروہ سے لڑائی جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے صوبہ قندوز میں ایک مسجد پر حملے کی ذمہ داری بھی داعش نے ہی قبول کی تھی جس میں تقریباً ایک سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔