کیچ: فورسز کے قافلے پر حملہ، تین اہلکاروں کے ہلاک و زخمی ہونے کی تصدیق

473

بلوچستان کے ضلع کیچ میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا ہے جس میں دو اہلکاروں کے ہلاک اور ایک کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

حکام کے مطابق کیچ کے ضلعی ہیڈکوارٹر تربت سے 180 کلومیٹر دور بلیدہ کے مقام پر مسلح افراد نے فرنٹیئر کور کے قافلے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔

ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک صبور اور عبدالستار جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت حکیم کے ناموں سے ہوئی ہے۔

بلوچ مسلح تنظیموں سے وابستہ ذرائع نے دی بلوچستان پوسٹ کو بتایا فورسز کے قافلے کو بلیدہ اور پروم کے درمیانی علاقے پالنگج سردکیں آپ کے مقام پر اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ قافلے کی صورت میں پہاڑی علاقے میں آپریشن کے غرض سے آرہے تھے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ حملے کے فورا بعد جائے وقوعہ پہ تربت سے ہیلی کاپٹر بھی آ پہنچے ہیں۔

تاہم حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔