کیچ: فورسز پر حملہ، آئی ایس پی آر کی تصدیق، بی ایل ایف نے ذمہ داری قبول کرلی

639

مغربی و مشرقی بلوچستان کو جدا کرنے والی سرحد پر مسلح افراد نے فورسز پر حملہ کیا، اطلاعات کے مطابق حملے میں فورسز کو جانی نقصان کا سامنا رہا ہے۔

حملے کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کرلی ہے۔ بی ایل ایف ترجمان کے مطابق حملے میں چار اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے الزام ایران پہ عائد کردی ہے۔

بی ایل ایف ترجمان میجر گہرام بلوچ نے نامعلوم مقام سے میڈیا کو بتایا کہ منگل کی صبح سرمچاروں نے ضلع کیچ کے علاقے مند میں چار فوجی اہلکاروں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کیا ہے۔

میجر گہرام نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ مند کے علاقے چکاپ کور (ندی) میں سرحد پر پاکستانی فوج باڑ لگا رہی ہے۔ دن بھر فوجی اہلکار باڑ لگانے والے اہلکاروں کو سیکورٹی فراہم کرتے ہیں اور شام کو واپس فوجی کیمپ میں چلے جاتے ہیں۔

منگل کی علی الصبح سرمچاروں نے چکاپ کور (ندی) میں سیاہ کور میں پہلے سے فوجی مورچہ پر قبضہ کیا جیسے ہی چار اہلکار مورچہ کی جانب پوزیشن لینے آئے پہلے سے موجود سرمچاروں نے قریب آتے ہی ان پر حملہ کیا جس سے تین اہلکار موقعہ پر ہلاک ہوئے اور ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا اور قریب کی پہاڑی نالے میں گر گیا۔

میجر گھرام نے ایک اور حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے کے ساتھ ہی سیاھیں کوہ کی عقب میں باڑ لگانے والے فوجی اہلکاروں نے سرمچاروں پر حملے کی کوشش کی۔ سرمچاروں نے پہلے سے طے جنگی حکمت علمی کے تحت انکے حملے کو زیر کرتے ہوئے ایک اہلکار کو ہلاک کیا اور دیگر کئی اہلکاروں کو زخمی کیا۔

میجر گہرام بلوچ نے کہا کہ حواس باختہ دشمن فوجی اہلکاروں نے مختلف سمت میں کئی مارٹر کے گولے بھی فائر کیے، مگر سرمچار کامیاب حملے کے بعد اپنے محفوظ ٹھکانوں میں پہنچ گئے۔

دوسری جانب پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایرانی علاقے سے ایف سی چوکی پر حملہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے چھوٹے ہتھیاروں سے چوکی پر حملہ کیا جبکہ ‏فائرنگ سے سپاہی مقبول شاہ ہلاک اور ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایرانی حکام کو واقعہ کے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔