کوئٹہ: بی ایس او کی رکن حانی بلوچ مبینہ پولیس تشدد سے جاں بحق

378

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں طلبہ کی احتجاج میں شریک بی ایس او کی رکن حانی بلوچ مبینہ طور پر پولیس لاٹھی چارج اور شیلنگ کے باعث انتقال کرگئی۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ دنوں سے ان کی طبعیت خراب تھی اس کے باوجود حانی بلوچ مسنگ پرسنز سمیت پی ایم سی کے تحت میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے خلاف جاری طلبہ تحریک کا حصہ تھی۔

بی ایس او کے چیئرمین ظریف رند نے حانی بلوچ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں پولیس کی جانب سے آنسو گیس لگنے اور تشدد سے ان کی طبعیت خراب ہوگئی تھی۔

حانی بلوچ کو پولیس تشدد کے بعد ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زیادہ آنسو گیس لگنے اور سخت تشدد کے باعث جانبر نہ ہوسکی۔

خیال رہے کہ آل بلوچستان میڈیکل اسٹوڈنٹس نے پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے لئے گئے میڈیکل ٹیسٹ کیخلاف گذشتہ دنوں کوئٹہ احتجاج اور مظاہرہ کیا گیا تھا۔

حانی بلوچ کوئٹہ کی رہائشی ہے اور سردار بہادر خان یونیورسٹی کی طالب علم تھی۔ وہ بی ایس او کی سرگرم رکن تھی۔

بی ایس او ذرائع نے دی بلوچستان پوسٹ کو بتایا حانی بلوچ پہلے سے بیمار تھی اس کے باوجود وہ احتجاج میں شریک ہوئی اور پولیس کی لاٹھی چارج اور شیلنگ کی وجہ سے شدید بیماری ہوگئی اور اسے اسپتال لے جایا گیا بعدازاں وہ انتقال کرگئی۔