کردگاپ سے دو نوجوان جبری طور پر لاپتہ

622

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاوے کردگاپ کے رہائشی دو نوجوانوں کو پاکستانی فورسز نے حراست میں لیکر لاپتہ کردیا جس کے بعد ان کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کردگاپ کے رہائشی نوجوانوں زاکر بلوچ ولد محمد یوسف اور مدثر ولد ٹکری سیف اللہ سرپرہ کو گذشتہ روز پاکستانی فورسز نے اس وقت حراست میں لیکر لاپتہ کردیا جب وہ نوشکی کی جانب جارہے تھے۔

مذکورہ نوجوانوں کو لاپتہ کرنے کے بعد شام کے وقت فرنٹئر کور اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے زاکر بلوچ کے گھر پر چھاپہ مارا، اس دوران گھر کی تلاشی لی گئی جبکہ گھر میں تھوڑ پھوڑ کی گئی۔ فورسز اہلکاروں نے علاقے میں فٹ بال اور کرکٹ گراونڈ پر موجود لوگوں کو زدکوب بھی کیا۔

نوجوانوں کے جبری گمشدگی کے بعد لواحقین خوف و ہراس کا شکار ہیں جبکہ حالیہ دنوں سی ٹی ڈی کی جانب سے جعلی کاروائیوں کے باعث جبری طور لاپتہ افراد کے لواحقین کت خدشات میں مزید اضافہ ہوا ہے کہ ان کے پیاروں کو جعلی مقابلوں قتل کیا جائے گا۔