پرامن احتجاج کرنے والے طلباء پر جس وحشیانہ انداز میں تشدد کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، ڈاکٹر عبدالمالک

190

 

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں طلباء پر ہونے والے پولیس کی غنڈہ گردی دراصل موجود حکومت کی طلبا و عوام دشمن پالیسیوں اور رویوں کا تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنے والے طلباء و طالبات پر جس وحشیانہ انداز میں تشدد کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی اور جس قدر ان اقدامات کی مذمت کی جائے کم ہے-

بلوچستان میں ایک ناکام حکومت کو زبردستی عوام پر مسلط کیا گیا ہے جس میں عوامی و اجتماعی مسائل کو حل کرنے کی نہ صلاحیت موجود ہے اور نہ جذبہ حالیہ واقعات پر حکومتی ردعمل انتہائی قابل افسوس و مذمت ہے-

انہوں نے کہا کہ بچوں کو فوراً رہا کیا جائے اور زمہ دار پولیس افسران اور حکومتی اہلکاروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اور اس کا پتہ لگایا جائے کہ کس کے کہنے پر پولیس نے طلباء و طالبات پر انسانیت سوز مظالم کئے اور پرامن احتجاج کو پرتشدد بنا دیا-

انہوں نے کہا کہ طلباء کے جائز مطالبات اور شکایات پر فورا عملدرآمد کیا جائے اور پولیس کو اس طرح بے لگام نہ چھوڑا جائے کہ نہتے و معصوم بچوں پر انسانیت سوز تشدد کریں۔