نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سیکورٹی وجوہات کے باعث دورہ پاکستان معطل کردیا

188

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو دورہ پاکستان منسوخ کر دیا۔

جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر ڈھائی بجے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کو تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں مدِمقابل آنا تھا۔ ​نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے میچ شروع ہونے سے چند لمحے قبل دورہ پاکستان ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

کیویز بورڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے جاری ہونے والے سیکیورٹی الرٹ اور پاکستان میں موجود سیکیورٹی ایڈوائزر کی ہدایت کے بعد دورہ پاکستان ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کیویز بورڈ کے مطابق پاکستان سے ٹیم کی واپسی کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی الرٹ کے بعد دورہ جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔ ان کے بقول وہ سمجھ سکتے ہیں کہ سیریز ملتوی ہونا پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے دھچکا ہو گا لیکن کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پہلی ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 برس بعد پاکستان کے دورے پر آئی تھی جس کے دوران اسے تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنا تھی۔