سردار عطاء اللہ مینگل کو بلوچ تاریخ کے پنوں میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا – بی ایس او آزاد

355

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد نے جاری کردہ ایک بیان میں بلوچ قومی رہنماء سردار عطاء اللہ مینگل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار عطاء اللہ مینگل بلوچ قومی تحریک کے بنیادی سرخیل رہنماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے بلوچستان پر پاکستان کے قبضہ خلاف ہمیشہ جدوجہد کو ترجیح دی۔ اس جدوجہد میں انہیں مشکل اور کھٹن حالات کا سامنا رہا ایک بچے کی شہادت کا درد بھی سہا مگر اپنے وطن پر قبضہ پر سمجھوتہ نہیں کیا اور ہمیشہ دشمن کے آنکھوں کے سامنے کھٹکتا رہا۔ انہوں نے سرزمین اور وطن کیلئے کبھی بھی چھوٹے اور وقتی آسائش کو ترجیح نہیں دی اور تاریخ میں اپنا مقام ہمیشہ قائم رکھا۔ انہوں نے زندگی کے کسی بھی مقام پر بلوچ وطن کا سودا نہیں کیا۔ بلوچ قومی تاریخ میں عطاء اللہ مینگل بطور سردار نہیں بلکہ بلوچ قومی رہنماء اور بلوچ جدوجہد کے بانی رہنماؤں میں شریک کیے جائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ وہی لوگ قائم رہ سکتے ہیں جو آسائش کے بدلے اصولوں اور وقتی مفاد کے بدلے قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوں ایسے عظیم کرداروں کو تاریخ اور قومیں کبھی بھی نہیں بھولتے۔ سردار عطاء اللہ مینگل بلوچ قومی جہد کے ان رہنماؤں میں شریک ہیں جنہوں نے کسی بھی موقعے پر مایوسی کا اظہار نہیں کیا بلکہ بلوچ نوجوانوں کو ہمیشہ جدوجہد کی تلقین کرتے رہے اور اپنے اوپر کسی بھی جبر کو جواز بناکر جدوجہد اور اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ سردار عطاء اللہ مینگل کی زندگی، جدوجہد، تکلیف اور مصائف بلوچ قوم کے تمام نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ تاریخ میں وہی کردار زندہ رہتے ہیں جو مسلسل جدوجہد اور نہ جھکنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں جبکہ تھکے ہوئے اور مفادات کی زندگی گزارنے والے لوگوں کی تاریخ میں کوئی حیثیت نہیں رہ جاتی۔

ترجمان نے بیان کے آخر میں سردار عطاء مینگل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بلوچ قوم کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سردار صاحب کے باتوں پر عمل کرتے ہوئے قومی جدوجہد میں اپنی شمولیت کو مزید متحرک بنائیں اور جدوجہد کو مزید تیز کریں۔ اس قوم پر اب فرض ہے کہ قومی جدوجہد کو کامیابی کی طرف لے جاتے ہوئے ایسے عظیم کرداروں کو ہمیشہ زندہ رکھیں۔ بلوچ قومی تاریخ کے اصل ہیروز یہی ہیں۔