بی ایس او کوئٹہ زون کا اجلاس، تنظیم سازی اور کتاب مہم چلانے کا فیصلہ

168

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن شال زون کا زونل سینیئر باڈی اجلاس زیرصدارت زونل آرگنائزر شکور بلوچ کے بی ایس او کے مرکزی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمانان خاص مرکزی سیکرٹری جنرل ماما عظیم بلوچ و مرکزی انفارمیشن سیکرٹری بالاچ قادر جب کہ اعزازی مہمانان مرکزی کمیٹی کے اراکین صمند بلوچ، آغا عدنان شاہ اور ناصر زہری بلوچ تھے۔اجلاس میں شال زون کے یونٹ سیکریٹیریز و ڈپٹی یونٹ سیکریٹیریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں تنظیمی امور، آئندہ کا لائحہ عمل سمیت دیگر ایجنڈے زیر بحث رہے۔ کارروائی نعمت بلوچ نے چلائی۔ اجلاس کا آغاز شہداء کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے بعد ہوا۔

شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مینارِ بلوچ سردار عطاءاللہ مینگل کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی رحلت کو عظیم قومی نقصان قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ سردار عطاءاللہ مینگل کا شمار بلوچ قومی تحریک کے ان کرداروں کے صف میں ہوتا ہے جنہوں نے اصولوں اور قومی مفادات پر سودہ کرنے کی بجائے بڑی سے بڑی قربانی کو ترجیح دی۔ وہ آج ہماری رہنمائی کرنے کے لیے موجود نہیں ہیں لیکن ہمیں رستہ دکھا کر گئے ہیں اور قومی مسائل کا حل اسی رستے پہ چلنے سے ہی ممکن ہے۔

اجلاس میں تنظیم سازی اور اداروں کی حیثیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ کسی بھی منظم اور انقلابی تنظیم کی ضمانت مضبوط ادارے ہیں۔ سیاسی کارکن کے لیے اشخاص کے بجائے ادارے مقدم ہونے چاہیے۔ اس کے علاوہ ممبر سازی مہم تیز کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں موجود ہر طالب علم کو طلباء سیاست کا حصہ بنانے کا عزم کیا گیا۔

آخر میں مختلف فیصلے کرتے ہوئے ایگریکلچر کالج یونٹ کا یونٹ باڈی اجلاس 14 ستمبر بروز منگل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ساتھ ہی ایگریکلچر کالج میں ایک پینل ڈسکشن رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ پولی ٹیکنیک کالج ہاسٹل لائبریری کے لئے کتاب عطیہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت مختلف تاریخوں کو مختلف ادروں میں بک ڈونیشن سٹال لگائے جائے گے۔ علاوہ ازیں ہر یونٹ کو ہفتہ میں کسی ایک مقررہ دن کو سٹڈی سرکل لگانے کا ٹاسک دیا گیا۔