بھائی محمد رفیق کو فورسز اہلکار گاڑی سے اتار کر اپنے ہمراہ لے گئے – بی بی ستارہ

379

سیکورٹی فورسز نے میرے بھائی کو گاڑی سے اتار دیا اور کچھ دیر بعد ایک گاڑی آئی جس کے افراد سول ڈریس میں تھے میرے بھائی کو اپنے ساتھ لے گئے جس کا تاحال کوئی پتہ نہیں ہے – لاپتہ محمد رفیق کی ہمشیرہ بی بی ستارہ کی پریس کانفرنس

تار آفس چتکان پنجگور کے رہائشی بی بی ستارہ غلام محمد نے اپنے دیگر خواتین رشتہ داروں ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی محمد رفیق ولد غلام محمد پیشہ کے لحاظ سے مزدور ہے اور وہ گردوں کے مرض میں مبتلا ہے وہ اپنے علاج کے سلسلے میں 11 ستمبر 2021 کو اپنے دیگر رشتہ داروں کیساتھ پنجگور سے کوئٹہ جارہا تھا کہ رات 12 بجے کے وقت ناگ کے مقام پر سیکورٹی فورسز نے میرے بھائی کو گاڑی سے اتار دیا اور کچھ دیر بعد ایک گاڑی آئی جس کے افراد سول ڈریس میں تھے میرے بھائی کو اپنے ساتھ لے گئے جس کا تاحال کوئی پتہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پُرامن شہری ہیں اور میں خود لیویز فورس میں ملازمہ ہوں میرے بھائی کسی غلط کام میں ملوث نہیں ہے وہ گردوں کے مریض ہے اگر اس نے کوئی جرم کیا ہے تو ان کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے میرے بھائی کو اٹھایا گیا ہے میری والدہ کی طبیعت بہت خراب ہے اور ہم سب گھر والے اپنے بھائی کے لیے پریشان ہیں لہٰذا متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ میرے بیمار بھائی کی بازیابی کے لیے معاونت فرماکر ہم پر احسان کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتہائی غریب ہیں بھائی کے مرض سے ہم تو پہلے ہی سے پریشانی میں مبتلا تھے اب بھائی کی حراست سے مزید مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں۔