افغانستان سے انخلا طالبان کی ڈیڈلائن نہیں طے شدہ منصوبے کے تحت کیا- امریکی صدر

269

 

امریکی صدر جو بائیڈن نے افغانستان سے امریکی انخلا کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 31 اگست سے قبل انخلا کا آپریشن طالبان کی من مانی ڈیڈلائن کی وجہ سے نہیں بلکہ امریکیوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے طے شدہ منصوبے کے تحت کیا۔

افغانستان سے امریکی انخلا مکمل ہونے کے بعد وائٹ ہاؤس میں قوم سے پہلے خطاب میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ انخلا کے منصوبے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

بائیڈن نے کہا کہ اس انخلا کی کامیابی ہماری فوج کی بے لوث جرأت کی وجہ سے ہوئی، انہوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی خدمت کی، تاریخ میں کبھی کسی قوم نے ایسا نہیں کیا، یہ صرف امریکا نے کیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے افغانستان سے 120،000 سے زائد افراد کو نکالنے کے مشن کو ایک غیر معمولی کامیابی قرار دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں طالبان نے کہا تھا کہ 31 اگست تک امریکا اپنا انخلا مکمل کرے اور اگر 31 اگست کے بعد بھی امریکی فوجی افغانستان میں موجود رہتے ہیں تو اسے قبضے میں توسیع سمجھا جائے گا اور نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔