بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے پوسٹ اور ان کی مدد کیلئے پہنچنے والے اہلکاروں کے کانوائے کو حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔ حملوں کے نتیجے میں اہلکاروں کے جانی اور مالی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق فورسز پوسٹ کو ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں زردآلو کے مقام پر مسلح افراد نے مختلف ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ مذکورہ پوسٹ پر حملے کے بعد فورسز کی گاڑیوں پر مشتمل قافلہ علاقے میں پہنچی جہاں گھات لگائے مسلح افراد نے ان پر بھی حملہ کیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی بڑی تعداد نے پوسٹ کو نشانہ بنایا، علاقے میں دھماکوں کی آواز بھی سنی گئی تاہم حکام نے اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔
حملے کے بعد ہیلی کاپٹر مذکورہ علاقے میں پہنچے جبکہ فورسز مزید نفری بھی پہنچ گئی۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے تاہم ہرنائی اور بولان میں بلوچ لبریشن آرمی متحرک ہے، ماضی میں مذکورہ تنظیم کی جانب مختلف نوعیت کے حملوں میں فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں فورسز کو جانی اور مالی نقصانات اٹھانے پڑے ہیں۔