کراچی: محراب پندرانی قتل و ڈیرہ غازی خان واقعہ کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی کا احتجاج

532

کراچی میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام محراب پندرانی کے قتل اور ڈیرہ غازی خان میں کمسن رابعہ بلوچ کے لواحقین کے قتل اور واقعہ میں َزخمی ہونے والے رابعہ کو انصاف فراہمی کے لئے آج کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

کراچی مظاہرے میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز، بلوچ متحدہ محاذ اور دیگر سیاسی، سماجی و انسانی حقوق کے کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن میں محراب پندرانی قتل اور ڈیرہ غازی واقعہ میں ملوث مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ درج تھا۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مظلوم بلوچوں کا خون سستا ہوچکا ہے جسے آئے دن مختلف ناموں سے بہایا جاتا ہے ریاست میں طاقتور کو کھلی چھوٹ حاصل ہے اور وہ اپنی دولت کی بل بوتے پر کمزروں پر مظالم ڈھاتے ہیں اور انھیں اپنے جبر کا نشانہ بناتے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہاں سرمایہ دار مزدوروں کو انسان نہیں بلکہ کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں۔

مظاہرین نے بس مالکان اور دیگر ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے اپیل کی کہ وہ محراب پندرانی کے قاتلوں کی حمایت کرنا چھوڑ دیں تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا مل سکے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملزم کو سزا دینے سے جس بیوہ ماں نے اپنا بیٹا کھویا ہے اس کا بیٹا تو واپس نہیں آئے گا لیکن شاید انصاف ملنے سے اس کو سکون ملے۔

یاد رہے محراب پندرانی معروف ٹرانسپورٹر اور سدابہار ٹرانسپورٹ کے مالک حاجی دولت خان لہڑی کے ہاں ملازمت کررہے تھے –

محراب پندرانی کے لواحقین کے مطابق محراب پندرانی کو سدابہار ٹرانسپورٹ کے مالکان نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ اپنے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔