کابل: افغانستان کا قومی پرچم اتارنے پر عوام مشتعل، طالبان کی فائرنگ سے 3 مظاہرین ہلاک

648

 

افغانستان کے شہر جلال آباد میں طالبان کی جانب سے افغانستان کے جھنڈے اتارنے کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے دوران ہونے والی جھڑپ میں 3 افراد مارے گئے جب کہ 26 زخمی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سرکاری عمارتوں سمیت اہم مقامات پر سے افغانستان کا قومی جھنڈا اتار کر امارات اسلامی کا سفید پرچم لہرا دیا۔

جلال آباد میں بھی طالبان قومی جھنڈا اتار کر اپنا پرچم لگا رہے تھے تاہم شہریوں کی جانب سے
مزاحمت دیکھنے میں آئی۔

شہریوں نے قومی جھنڈا اتارنے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

طالبان اور مظاہرین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا اور اس دوران طالبان کی فائرنگ سے 3 شہری ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد جلال آباد کی سڑکوں پر سیکڑوں افراد جمع ہوگئے اور احتجاج کیا۔