پولیس کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) کے مرکزی رہنماء ملک عبید اللہ کاسی کے اغواء اور قتل میں ملوث 5 ملزمان کو پشین میں پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس نے پشین میں موجود ملزمان کے کمپاونڈ پر کارروائی کی، اس دوران ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی سے ملزمان ہلاک جب کہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ ملزمان فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت محمد حنیف، شاہ فہد م جمعہ گل، محمد اکرم اور محمد سلیم کے ناموں سے کی گئی ہے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء کے قتل واقع کی تحقیقات میں سائنسی تحقیقاتی تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے کوئٹہ پولیس نے گذشتہ روز ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا، جس نے تفتیش کے دوران اعتراف جرم اور اغواء اور قتل میں ملوث دیگر ملزمان کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی۔
واضح رہے کہ ملک عبید اللہ کاسی کو 26 جون کی رات 8 بجے کے قریب کچلاک سے اغواء کیا گیا تھا، جس کے بعد تاوان کی رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا، رقم نہ ملنے پر ان کی لاش 5 اگست کو پشین سے ملی تھی۔