پنجگور: آپریشن میں مصروف قابض پاکستانی فوج پر دو حملوں میں 7 اہلکار ہلاک کردیئے – براس

711

بلوچ آزادی پسند مزاحمتی تنظیموں کی امبریلا آرگنائزیشن بلوچ راجی آجوئی سنگر (براس) کے ترجمان بلوچ خان نے نامعلوم مقام سے میڈیا میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجگور کے علاقے کیلکور میں سی پیک روٹ پر قابض پاکستانی فوج کو دو مختلف حملوں میں نشانہ بناکر دشمن کے سات اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی کرنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

ترجمان نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ تین دن قبل پاکستانی فوج کی ایک درجن سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل قافلہ دو اطراف سے بلیدہ کراس اور سہاکی کے راستے کیلکور میں آپریشن کی غرض سے داخل ہوا، براس کے سرمچاروں نے پرسوں شام چار بجے بلیدہ کراس کے راستے سے آنے والے فوجی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل قافلے کو “رزو” کے مقام پر نشانہ بنایا، سرمچار حملے کے بعد باحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوئے جبکہ دشمن فوج اگلے دن بھی علاقے میں آپریشن میں مصروف رہا، آپریشن کے دوران ایک درجن سے زائد بیگناہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

بلوچ خان نے مزید کہا کہ سرمچاروں نے سہاکی کیمپ واپس جانے والے اہلکاروں کو گذشتہ رات ایک اور حملے کا نشانہ بنایا، قافلے میں شامل ایک گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا، جسکے نتیجے میں گاڑی مکمل تباہ ہوگئی جبکہ باقی سات گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر بھاری اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔

بلوچ خان نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ دونوں حملوں میں مجموعی طور پر دشمن فوج کے سات اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ قابض فوج استحصالی پراجیکٹ سی پیک کےگردونواح کے علاقوں کو کلیئر قرار دینے کیلئے عام آبادیوں پر آپریشن کررہی ہے جبکہ مذکورہ علاقوں سے بلوچ عوام کو زبردستی بے دخل کی جارہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ قابض پاکستانی فوج اور ان کے شراکت داروں پر ہمارے حملے جاری رہینگے۔