نوکنڈی : ایران مخالف مسلح گروپ اور افغان طالبان کے مابین جھڑپ، ہلاکتوں کی اطلاع

669

بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے  ملحقہ سرحدی علاقے میں افغان طالبان اور ایران مخالف مسلح گروپ جیش العدل کے مابین جھڑپ میں دونوں جانب سےہلاکتوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق دالبندین کے مقامی صحافی علی رضا رند کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے ملحقہ افغان علاقے ڈک میں ایران میں سرگرم عسکریت پسند تنظیم جیش العدل اور افغان طالبان کے درمیان جھڑپ میں جیش العدل کے امیر کے بھائی سمیت دو شدت پسند مارے گئے  جبکہ متعدد طالبان کو بھی جانی نقصان  اٹھانا پڑا ہے ۔

خیال رہے کہ جیش العدل ایران میں سرگرم سنی تنظیم ہے جبکہ افغانستان کے سابق این ڈی ایس کے سربراہ اور افغان رہنماء رحمت اللہ نبییل نے بھی آج  یہ الزام عائد کیا تھا کہ جیش العدل اور افغان طالبان کے درمیان اختلافات کے باوجود پاکستانی خفیہ ادارے نے بلوچستان کے علاقے دالبندین، نوشکی، ماشکیل اور پنجگور سے جیش العدل کے کم و بیش 600 شدت پسندوں کو ‏طالبان کی مدد کے لئے نیمروز ، ہرات اور فراہ مکمل جنگی سازوسامان کے ہمراہ روانہ کیا ہے۔

تاہم آج بلوچستان میں ہونے والے حملے کے حوالے سے طالبان اور جیش العدل کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

ایک اور ذرائع کے مطابق چند وقت پہلے جیش العدل اور طالبان کے درمیان کچھ مسائل پیدا ہوئے تھے جن کی حل کےلئے دونوں گروپس کے درمیان اجلاس منعقد ہوا جہاں پہ دونوں مسلح گروپس آپس میں لڑ پڑے ۔