معروف فٹبالر رونالڈو نے نئے کلب کا انتخاب کرلیا

254

دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی اور پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے حوالے سے افواہیں زیر گردش تھیں کے وہ نئے کلب میں شمولیت کررہے ہیں ۔

عالمی میڈیا میں ایک روز پہلے یہ خبر سامنے آئی کہ رونالڈو نے فٹبال کلب تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور جلد وہ انگلش کلب کا حصہ بن جائیں گے تاہم اب رونالڈو اٹلی کے کلب جیونٹس سے معاہدہ ختم کر کے مانچسٹر یونائیٹڈ کا حصہ بننے جارے ہیں۔

یاد رہے کہ رونالڈو نے 2018 میں دنیا کے مقبول ترین فٹبال کلب ریئل میڈرڈ کو چھوڑ کر جیونٹس میں شمولیت اختیار کی تھی۔

کھیلوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ’مانچسٹر یونائیٹڈ اور رونالڈو کے درمیان بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہوگئی، دونوں جلد ایک دوسرے کی شرائط مان کر معاہدہ طے کرلیں گے‘۔

فٹبال پر نظر رکھنے والے صحافی کا کہنا ہے کہ ’رونالڈو نے اپنے کلب کو چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جیونٹس کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا تھا کہ وہ فروخت کے لیے تیار ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’رونالڈو نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بھی فیصلے سے آگاہ کردیا ہے، مانچسٹر یونائیٹڈ کلب میں اُن کی تنخواہ 31 ملین یورو سے زیادہ مقرر کی جائے گی جبکہ مراعات اور دیگر سہولیات علیحدہ ہوں گی‘۔

سوشل میڈیا پر جاری افواہوں کی تصدیق اُس وقت ہوئی جب جیونٹس کے کوچ نے رونالڈو کے فیصلے اور کلب تبدیلی کی تصدیق کی۔ انہوں نے خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’رونالڈو اب ہمارے ساتھ کھیلنے کے خواہش مند نہیں، اُن کی اگلی منزل مانچسٹر یونائیٹڈ ہے‘۔