سی ٹی ڈی کا بی ایل ایف سے تعلق رکھنے والے سات افراد کو مارنے کا دعویٰ

880

بلوچستان کے ضلع لورالائی میں سی ٹی ڈی نے بلوچ مسلح تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے سات افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کوہار ڈیم لورالائی کے علاقے میں سی ٹی ڈی کا مسلح افراد سے مقابلہ ہوا، مقابلے میں سات افراد مارے گئے ہیں جن کا تعلق بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) سے ہے۔

تاہم بی ایل ایف کا اس حوالے سے موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مقابلے میں مارے جانے والوں کے زیراستعمال کمپاؤنڈ سےاسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جن میں تین سب مشین گنز، چار پستول کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ افغانی اور پاکستانی کرنسی شامل ہے۔

جبکہ سی ٹی ڈی نےمارے جانے والوں کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی ہے۔

ترجمان کے مطابق مذکورہ افراد افغانستان سے روانہ ہوئے تھے اور لورالائی کے کوہار ڈیم کے علاقے سے اہم تنصیبات پر حملہ کا منصوبہ بنارہے تھے کہ سی ٹی ڈی کی بروقت کارروائی پر انکے مقاصد کو ناکام بنا دیا گیا۔

یاد رہے اس سے قبل بھی سی ٹی ڈی کی جانب سے اس طرح کے دعوے کئے گئے ہیں جو بعدازاں جعلی ثابت ہوئے ہیں اور پہلے سے زیر حراست لاپتہ افراد کو سی ٹی ڈی نے جعلی مقابلے میں قتل کیا ہے۔

رواں مہینے کی 12 تاریخ کو سی ٹی ڈی نے دعوی کیا تھا کہ کوئٹہ کے علاقے نیوکاہان میں کاروائی کے دوران مقابلے میں بلوچ لبریشن آرمی کے پانچ ارکان مارے گئے ہیں جن میں خان محمد اور جمیل احمد سمیت دیگر تین افراد شامل ہیں۔

جعلی مقابلے میں مارے جانے والےایک شخص کی شناخت بعد میں خان محمد سکنہ سوراب گدر کے نام سے ہوئی ہے۔ لواحقین نے خان محمد شناخت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کو دو سال قبل پاکستانی فورسز نے پنجگور سے جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔

خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ آج ہونے والے مقابلے میں بھی پہلے سے زیر حراست لاپتہ افراد کو سی ٹی ڈی نے جعلی مقابلے میں قتل کیا ہے۔