بندوقوں کے سائے تلے جشنِ آزادی منانے والی قوم کو آزادی مبارک ہو – سردار اختر مینگل

283

 

رکن پاکستان اسمبلی اور سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ‏مسنگ پرسن کے لواحقین کی آہوں اور سسکیوں، آزاد صحافت پر قدغن، غیر جمہوری قوتوں کے ہاتھوں آئین اور قانون کی یرغمالی بندوقوں اور سنگینوں کے سائے تلے جشنِ آزادی منانے والی قوم کو آزادی مبارک ہو –

دریں اثناء بلوچستان میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے بھی چودہ اگست کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ حکومت 14 اگست پر غمزادہ خاندانوں کو انکے لاپتہ افراد کے حوالے سے معلومات فراہم کرکے زندگی بھر کی اذیت سے نجات دلائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم تنظیمی سطح پر لاپتہ افراد کے مسلے پر مختلف صوبائی و وفاقی حکومتوں سے ملاقاتیں کرچکے ہیں 2019 سے موجودہ صوبائی و وفاقی حکومت اور لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ سے باقاعدہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ہم نے حکومت کو لاپتہ افراد کی لسٹ فراہم کیا ہے اور حکومت نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنانے کے ساتھ جبری گمشدگیوں کا مسئلہ ملکی قوانین کے تحت حل کیا جائے گا-

خیال رہے کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے گذشتہ 48 گھنٹوں میں مختلف علاقوں سے 8 نوجوانوں کو جبری گمشدگی کا شکار بنایا گیا ہے –