اے این پی کے لاپتہ رہنماء کی لاش برآمد

373

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے اغواء ہونے والے مرکزی کمیٹی کے رکن ملک عبید اللہ کاسی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

ملک عبید اللہ کاسی کے اہلخانہ کے مطابق انہیں 26 جون کو کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں کلی کتیر سے اغواء کیا گیا تھا۔

اے این پی کے کارکنوں اور قائدین نے ان کے اغواء کی خبر کے بعد کوئٹہ میں احتجاج بھی کیا تھا، جس میں انہوں نے قومی شاہراہ کو بلاک کردیا تھا۔

کچلاک تھانے میں ملک امن اللہ کاسی کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق 26 جون کو شام ساڑھے سات بجے ان کے بھتیجے جان شیر نے اطلاع دی کہ ان کے چچا عبید اللہ کاسی کو کلی کتیر سے اغواء کیا گیا۔

جان شیر نے بتایا کہ ایک سنہرے رنگ کی گاڑی سے چار مسلح افراد نکلے، جو زبردستی میرے بھائی کو گاڑی سے اتار کر اپنی گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی رواں سال فروری میں اے این پی کے رہنماء اسد خان اچکزئی کی لاش ملی تھی جو ستمبر 2020 میں لاپتہ ہوئے تھے۔