افغانستان میں فتح پوری امت مسلمہ کی فتح ہے، اپنی بیعت کی تجدید کرتے ہیں – ٹی ٹی پی

700

تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ افغانستان کی عظیم فتح اور آزادی کے موقع پر تحریک طالبان پاکستان کے امیر کی طرف سے امیرالمومنین حفظہ اللہ اور ان کے نائبین اور افغان مجاہد اور غازی قوم کو مبارک ہو۔

ٹی ٹی پی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ دنیا کی زندگی آزمائشوں اور مصیبتوں کی زندگی ہے اور درحقیقت ایسا ہی ہے کہ یہ دنیاوی زندگی آخرت کی تیاری کا مرحلہ ہے-

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ اس وقت شریعت کے دائرے میں اسلامی نظام کی حاکمیت کے لیے مسلح جہاد ایک بہت بڑی آزمائش ہے اور اس آزمائش پر پورا اترنا اللہ کے خصوصی فضل و کرم ہی کی بدولت ممکن ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ الحمدللہ خدا کا شکر ہے کہ امارت اسلامیہ کی مبارک قیادت اور مقدس مجاہدین نے اللہ کی مدد سے مصائب اور قربانیوں کی اس عظیم جنگ میں عظیم اور مثالی استقامت کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں بیس سال الحمد للہ ہم نے جدید دور کے عظیم طاغوت اور اس کے غلاموں کو شکست دی اور پوری اسلامی امت اور خاص طور پر مجاہد اور غازی افغان عوام کو عزت کا تاج پہنایا۔

بیان میں تحریک طالبان پاکستان کے امیر مفتی نور ولی محسود کا کہنا تھا کہ میں تحریک طالبان پاکستان کے مجاہدین اور غازیوں کی طرف سے اس تاریخی اور مبارک فتح کو امیر المومنین شیخ الحدیث حضرت اقدس مولانا ھبة اللہ اخوندزادہ (حفظہ اللہ ورعاہ) اور انکے دونوں نائبین محترم خلیفہ سراج الدین حقانی حفظہ اللہ، مولوی محمد یعقوب صاحب (حفظہ اللہ) اور سیاسی دفتر کے سربراہ ملا برادر صاحب (حفظہ اللہ) اور ان کی ٹیم اور تمام افغان مجاہد عوام اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

مفتی نور ولی محسود کا کہنا تھا یہ فتح پوری امت مسلمہ کی فتح ہے اور پوری اسلامی امت کا مستقبل اسی پر منحصر ہے۔

تحریک طالبان پاکستان کے امیر کا کہنا تھا کہ آج اس مبارک دن پر تحریک طالبان پاکستان امارت اسلامیہ سے اپنی بیعت کی تجدید کرتی ہے اور عہد کرتی ہے کہ ان شاء اللہ مستقبل میں بھی امارت اسلامیہ کے استحکام اور ترقی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور ہم اسے اپنی اسلامی اور شرعی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔