افغانستان میں اشرف غنی حکومت کو نمائندہ حکومت سمجھ کر اس کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں- پاکستان

167

 جنگ زدہ ملک افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے طالبان اور افغان حکومت سمیت پوری دنیا پر واضح کیا ہے کہ اسے افغانستان میں طاقت کے زور پر قبضہ کرنے والی حکومت قابل قبول نہیں۔

پاکستانی سفیر نے جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اشرف غنی کی حکومت کو افغانستان کی نمائندہ حکومت سمجھ کر اس کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں سیاسی مفاہمت کے ذریعے سب افغانوں کے لیے یکساں قابل قبول حکومت چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ اشرف غنی حکومت کی جانب سے پاکستان پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ (پاکستان) طالبان کو ہر طرح مدد کررہا ہے ۔

گذشتہ روز اقوام متحدہ میں افغانستان کے مستقل مندوب غلام ایم اسحاق زئی نے پاکستان پر طالبان کو محفوظ پناہ گاہیں اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشترکہ مانیٹرنگ اور تصدیقی نظام وضع کرنے میں کابل کی مدد کرے۔