لندن میں کھیلے جانے والی یورو کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں اٹلی نے اسپین کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی کانٹے دار مقابلے کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس کے ذریعے ہوا۔
پہلے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، ایک دوسرے کے گول پر کئی حملے کیے گئے مگر پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔
دوسرے ہاف کے پندرہویں منٹ میں اٹلی کی جانب سے بیرارڈی نے گول اسکور کیا، کھیل ختم ہونے سے دس منٹ قبل اسپین کے موراٹا نے گیند کو حریف ٹیم کے جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا۔
مقررہ وقت میں اور پھر اضافی وقت میں مقابلہ برابر رہا، میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے پنالٹی ککس کا سہارا لیا گیا جس میں اٹلی نے چار اور اسپین نے دو گول اسکور کیے، یوں اٹلی کی ٹیم ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔
یورو کپ کا دوسرا سیمی فائنل میچ آج انگلینڈ اور ڈنمارک کے درمیان کھیلا جائیگا اور فائنل اتوار کو ہوگا۔