ورلڈ کپ کے بعد فُٹ بال کے اہم ترین ایونٹ یورو کپ کے فیصلہ کُن مرحلے کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔
گروپ اسٹیج کی 16 ٹیموں میں سے 8 ٹیمیں کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکی ہیں جن میں سوئٹزرلینڈ، سپین، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، یوکرین، انگلینڈ، بیلجیئم اور اٹلی شامل ہیں۔
یورو کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں آج سوئٹزرلینڈ اورسپین سینٹ پیٹرزبرگ میں مدِ مقابل ہوں گی۔ فُٹ بال کھیل کے ماہرین کی رائے کے مطابق پہلے کوارٹر فائنل میں سپین کو سوئٹزرلینڈ پر سبقت حاصل رہے گی۔
دوسرے کوارٹر فائنل میں بیلجیئم اور اٹلی میونخ میں آج ہی آمنے سامنے ہوں گی اور اس میچ میں اٹلی کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
تیسرا کوارٹر فائنل کل 3 جوالائی کو باکو میں کھیلا جانا ہے جس میں جمہوریہ چیک اور ڈنمارک کی ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی کے لیے مد مقابل ہوں گی۔ اس میچ میں ڈنمارک کو فیورٹ سمجھا جا رہا ہے۔
چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل 3 جولائی کو یوکرین اور انگلینڈ کے مابین روم میں کھیلا جانا ہے جس میں انگلینڈ کی 0-1 سے جیت کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
اس کے بعد یورو کپ کا پہلا سیمی فائنل 6 جولائی اور دوسرا سیمی فائنل 7 جولائی کو لندن میں کھیلا جائے گا اور فائنل مقابلہ اتوار 11 جولائی کو لندن میں ہی کھیلا جائے گا۔
یورو کپ کا ایونٹ سپین 3 مرتبہ جبکہ ڈنمارک، جمہوریہ چیک اور اٹلی ایک ایک متربہ جیت چکے ہیں۔ یوکرین، بیلجئیم، انگلینڈ اور سوئٹزرلینڈ پہلی بار یورو کپ کی ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گی۔