گوادر بھر میں مکمل لاک ڈاؤن،دفعہ 144 نافذ

178

ڈپٹی کمشنر گوادر نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع بھر میں مکمل لاک ڈاؤن اور دفعہ 144نافذ کردی ہے۔

اس دوران حفاظتی ٹیکہ لگانے والے افراد ہی اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔ ویکسین لگائے بغیر کوئی مچھیرا سمندر میں مچھلی کے شکار پر نہیں جا سکے گا۔ ڈپٹی کمشنر گوادر کے مطابق ضلع گوادر کے چاروں تحصیلوں میں 15 روز تک مکمل لاک ڈاؤن اور دفعہ 144 نافذ رہے گی۔

اس دوران تمام دکانیں، ہوٹل اور ریسٹوران، مچھلی مارکیٹ اگلے پندرہ دن کے لئے مکمل بند ہوں گے۔ راشن شاپ، پھل سبزی کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کلینک اور فلٹر پلانٹ کو استثنیٰ حاصل ہوگی۔

مستثنیٰ دکاندار کو ویکسین لگانے اور ماسک پہنے، ایس اوپیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی شرط پر کام کی اجازت ہوگی اور صرف ان ماہی گیروں کو سمندر میں شکار کی اجازت ہوگی، جنھوں نے ویکسین لگائی ہوگی۔

ماہی گیر بھی مخصوص تعداد میں ہوں گے، جب کہ تمام مچھلی مارکیٹس بھی اگلے پندرہ دن کے لئے بند ہوں گے۔ سیاح، وزٹرز اور تبلیغی جماعت کے ارکان اگلے پندرہ دن تک ضلع گوادر میں داخل نہیں ہوسکتے۔ تمام پارکس، تفریحی مقامات، کھیلوں کے میدان مکمل بند ہوں گے اور اجتماعات پر بھی ہر قسم کی پابندی ہوگی۔