کیگد بلوچ کا قتل بلوچستان میں خواتین کے قتل کا تسلسل ہے – بلوچ وومن فورم

401

بلوچ وومن فورم کے ترجمان نے اپنے بیان میں کیچ کے علاقے گومازی میں فوجی آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون کیگد بلوچ ولد عبداللہ کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے فوجی آپریشنوں میں خواتین کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس سے بلوچ سماج میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے اور کیگد بلوچ کا قتل بھی اسی تسلسل کا حصہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی صورتحال خصوصاً مکران میں ہونے والے فوجی آپریشن اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں ہونے والے غیرقانونی واقعات میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے جس سے خواتین اور بچوں کی زندگیوں پر شدید منفی اثرات مرتب ہورے ہیں ۔

بلوچ وومن فورم کے ترجمان نے مزید کہا کہ حالت جنگ میں خواتین اور بچوں کو بین القوامی قانون کے تحت استشنٰی حاصل ہے ۔ ان قوانین کا اطلاق کرنا ہر صورتحال میں لازمی ہے اور ریاست اپنے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کرنے کا پابند ہے۔

بلوچ وومن فورم کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس واقعے سے پہلے کیلکور، ہرنائی اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں اس طرح کے کئی واقعات ہوچکے ہیں جن میں خواتین کو ٹارگٹ کیا گیا ہے اور کیگد بلوچ کے قتل سے اس اندیشے کو تقویت ملتی ہے کہ ایسے واقعات آگے بھی ہوتے رہینگے۔

بلوچ وومن فورم انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ بلوچ خواتین پر ہونے والے ظلم کو روکھنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔