بدھ کی صبح نامعلوم مسلح افراد نے سندھ کے مرکزی شہر کراچی میں غیر ملکی باشندوں پہ فائرنگ کھول دی جسکے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
زخمی شخص کا تعلق چین سے ہے جو پیشے کے لحاظ سے انجینئر ہیں۔ جبکہ یہ واقعہ سائٹ ایریا میں گلبائی پل کے نیچے پیش آیا۔
زخمی ہونے والے چینی شہری کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ زون کراچی جاوید اکبر ریاض کے مطابق ’دونوں چینی شہری شیر شاہ کی ایک فیکٹری میں کام کرتے ہیں۔ صبح ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں واقع اپنی رہائش گاہ سے فیکٹری جانے کے لیے مقامی ڈرائیور کے ساتھ نکلے تھے کہ راستے میں چہرے پر ماسک پہنے موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ جانے والے دو چینی شہریوں پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں ایک چینی باشندہ زخمی ہوا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں پہلے بھی چینی باشندوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کی ذمہ داریاں اکثر بلوچ و سندھی آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتے آرہے ہیں تاہم اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
رواں ماہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ملازمین کی ایک بس میں دھماکے سے نو چینی شہریوں سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
پاکستان کے حساس اداروں نے دعوی کیا ہے کہ لاہور میں حساس اداروں کا داسو بس حملے میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔