پسنی حملے کے بعد فورسز کا علاقے میں فضائی و زمینی فوجی آپریشن

373

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے پسنی میں بلوچ مزاحمت کاروں کی جانب سے فورسز پر حملے کے بعد علاقے و گرد نواح میں زمینی و فضائی آپریشن جاری ہے-

اطلاعات کے مطابق آج صبح کلانچ کے مختلف علاقے سردشت، شادی کور، گانو، جوئی، کوڈیج میں پاکستانی فورسز کی آپریشن جاری ہے۔ آپریشن میں فورسز کو زمینی اور فضائی کمک حاصل ہے تاہم آپریشن میں کسی قسم کی گرفتاری کی تاحال اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز فورسز کے قافلے کو گوادر کے تحصیل پسنی کے علاقے سردشت میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ قافلے میں شامل ایک گاڑی بم دھماکے کی زد میں آئی جس میں سوار کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان ہلاک جبکہ ڈرائیور لانس نائیک بابر زمان، لانس نائیک ساجد، نائیک طاہر اور سپاہی وقار شدید زخمی ہوگئے۔

اس حملے کی ذمہ داری بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی ہے۔ بی ایل ایف ترجمان نے بیان میں کہا کہ حملے میں فورسز کی ایک گاڑی مکمل تباہ ہوئی ہے جس میں کیپٹن سمیت پانچ اہلکار ہلاک ہوئے ہیں –