شمالی وزیرستان میں مسلح حملہ، پاکستان فوج کے تین اہلکار ہلاک

504

شمالی وزیرستان کے تحصیل میرعلی سپین وام کے مقام پر مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے تین اہلکاروں کو ہلاک جبکہ ایک زخمی کردیا۔

مقامی سرکاری ذرائع نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پیر کی علی الصبح تحصیل سپین وام میں پاکستان افغانستان سرحد کے قریب حسن خیل کے علاقے میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین سیکورٹی اہلکار ہوئے ہیں۔

حملے کے نتیجے میں نائیک گل بہادر، سپاہی عدنان اور سپاہی خُرم موقع پر ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ حملے میں فواد نامی ایک سپاہی زخمی بھی ہوا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ کئی دنوں سے شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے۔

گذشتہ دنوں شمالی وزیرستان میں پاکستانی فورسز کے آپریشن کے دوران مسلح افراد اور پاکستانی فورسز کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے قبل مسلح افراد نے پاکستان کی پیراملٹری فورس ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے چھ اہلکاروں کو ہلاک و زخمی کردیا تھا۔