خضدار: فائرنگ سے لیویز اہلکار ہلاک، لواحقین نے لاش کے ہمراہ مرکزی شاہراہ بند کردی

594

بلوچستان کے ضلع خضدار میں فائرنگ کے واقعہ میں ایک لیویز اہلکار ہلاک جبکہ پنجگور میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

خضدار میں فائرنگ کے واقعہ میں ہلاک شخص پیشے کے لحاظ سے لیویز فورس کا اہلکار ہے جسے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

فائرنگ کا واقعہ ضلع خضدار کے تحصیل وڈھ میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے لیویز اہلکار عبداللہ مینگل کو زخمی کردیا جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے چل بسے، ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق وڈھ کے علاقے آڑینجی سے ہیں۔

واقعہ کے بعد لواحقين نے لاش کوئٹہ کراچی شاہراہ پر رکھ کر احتجاج شروع کردی ہے جس کے باعث ہر قسم کی آمد رفت معطل ہوگئی ہے، مرکزی شاہراہ بند ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

درین اثناء پنجگور کے علاقے گرمکان فٹبال چوک پہ مسلح افراد نے فائرنگ کرکے حبیب اللہ نامی شخص کو زخمی کردیا جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ چوبیس گھنٹے کے دورانیہ میں پنجگور میں یہ فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے، گذشتہ روز فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ تاحال دونوں واقعات کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔