تمپ میں بجلی بندش کے خلاف لوگ سراپا احتجاج

341

مکران میں گذشتہ ایک ہفتے سے بجلی بندش کے خلاف لوگ سراپا احتجاج ہیں۔ لوگوں کے مطابق معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا جبکہ لوگ ایک بوند پانی کے لئے ترس رہے ہیں۔

کیچ کے تحصیل تمپ میں بلوچ سماجی کارکن و افسانہ نگار عندلیب گچکی کی سربراہی میں خواتین و بچوں نے دھرنا دے کر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔

مکران کو بجلی سپلائی کی جانے والی جیکی گور گریڈ اسٹیشن سے آج منگل کی صبح اطلاع دیئے بغیر بند کردی جس کے بعد ستر میگاواٹ بجلی کے بجائے دس میگاواٹ بجلی سپلائی شروع کردی جس کے بعد پورے مکران میں دن میں بجلی نہ ہونے اور رات کو صرف ایک یا دو گھنٹے لوگوں کو فراہم کیا جارہا ہے۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کا شمار گرم ترین علاقوں میں ہوتا ہے جہاں گرمی چالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر ہوتی ہے، بجلی نا ہونے کی وجہ سے لوگ اذیت میں مبتلا ہیں ۔

عندلیب گچکی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پہ اپنے ایک ٹویٹ میں اس حوالے سے کہا ہے کہ ‏مکران بھر میں بجلی کی بندش اور ملک میں خود سے مکران کو بجلی سپلائی کرنے کا نظام نہ ہونے پہ تمپ، تربت میں احتجاج جاری ہے۔