بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین عید کے روز کراچی اور کوئٹہ میں احتجاج کرینگے

400
فائل فوٹو

بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے عید الاضحیٰ کے پہلے روز کراچی اور کوئٹہ میں احتجاج کیا جائے گا جبکہ سماجی رابطوں کی سائٹ پر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ اور لاپتہ افراد کے لواحقین نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عید کے پہلے روز لاپتہ افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے احتجاج کرینگے۔

ماما قدیر کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے لواحقین کے لیے ان کے لاپتہ پیاروں کے بغیر عید کا تہوار خوشیوں کی بجائے غموں کا پہاڑ لیکر آتا ہے، لواحقین کے پاس احتجاج کے بغیر کوئی راستہ نہیں بچا ہے کہ وہ اس تہوار کو گزار سکیں۔

کراچی میں پریس کلب کے سامنے لاپتہ افراد کے لواحقین نے احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ لواحقین کے مطابق وہ عید کا پہلا دن کراچی پریس کلب کے سامنے گزار کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرینگے۔

اس حوالے سے ٹی بی پی نے سمی دین بلوچ سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ پیاروں کی جدائی میں عید کی خوشیاں لواحقین کے لیے مانند پڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس دن ہمارے پیارے بازیاب ہونگے وہ دن ہمارے لیے عید ہوگی۔

لاپتہ ڈاکٹر دین محمد بلوچ کی بیٹی سمی دین کا مزید کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ کا مقصد حکمرانوں اور دنیا تک اپنی آواز پہنچانا ہے کہ لاپتہ افراد کے لواحقین کس کرب سے گزرہے ہیں کہ وہ کوئی مذہبی تہوار مناسکتے ہیں اور نہ ہی ان کے گھروں میں کوئی خوشی منائی جاتی ہے۔

سمی دین نے کراچی اور گردنواح میں بسنے والے بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین سمیت سندھی، پشتون، شیعہ لاپتہ افراد کے لواحقین اور ایکٹوسٹس سے احتجاج میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔

دریں اثناء متحدہ عرب امارات اور پاکستان میں جبری گمشدگی کے شکار انسانی حقوق کے کارکن راشد حسین کی بہن فریدہ بلوچ نے سماجی رابطوں کی سائٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ راشد کیساتھ ہمارے گھر کی خوشیاں اور مسرتیں بھی لاپتہ ہوچکی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ کے روز اس سال بھی میں متحدہ امارات کے حکومت سے انصاف کی طلب کرونگی۔ اس دن سوشل میڈیا کمپئین میں حصہ لیکر میری آواز ان تک پہنچانے میں مدد کرے۔

اس حوالے سے بلوچ سوشل میڈیا ایکٹوسٹس نے خلیجی ممالک میں عید کے روز راشد حسین بلوچ کیلئے #SaveRashidHussain اور پاکستان میں عید کے روز #SaveBalochMissingPersons کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹوئٹر پر آگاہی مہم چلانے کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔