بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار چل بسے

247

بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار طویل علالت کے بعد 98 برس کی عمر میں چل بسے۔

اداکار کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کے اہل خانہ کی جانب سے کی گئی ٹویٹ میں دلیپ کمار کے انتقال کی اطلاع دی گئی۔

بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ممبئی کے پی ڈی ہندوجا ہسپتال میں اداکار کا علاج کرنے والے پلمونولوجسٹ ڈاکٹر جلیل پارکر نے بھی دلیپ کمار کے انتقال کی تصدیق کی۔

دلیپ کمار 11 ستمبر 1922 کو پشاور کے محلہ خداداد میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا اصل نام محمد یوسف خان تھا۔

وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ 1935 میں تقسیم ہندوستان سے قبل ممبئی (اس وقت کے بمبئی) منتقل ہوگئے تھے۔ اداکاری کے میدان میں آنے سے قبل دلیپ کمار پھلوں کا کاروبار کیا کرتے تھے۔

انہوں نے 1966 میں اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی۔

دلیپ کمار نے بالی وڈ کو بے شمار کامیاب فلمیں دیں، جن میں جوار بھاٹا، انداز، دیوداس، سوداگر، امر، اڑن کھٹولہ،سنگ دل اور مغل اعظم شامل ہیں۔ انہیں بہترین اداکاری پر ‘شہنشاہ جذبات’ کا لقب بھی دیا گیا۔ دلیپ کمار کی آخری فلم ‘قلعہ’ تھی، جو 1998 میں ریلیز ہوئی تھی۔

دلیپ کمار نے اپنی شاندار اداکاری اور فن کے لیے خدمات پر بہت سے ایوارڈ اور اعزاز بھی اپنے نام کیے، جن میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور پدم وبھوشن ایوارڈ شامل ہیں۔

دلیپ کمار کے انتقال پر بالی وڈ اور فن کی دنیا سے تعلق رکھنے والوں کی طرف سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جن میں اداکار کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔