طالبان کے ساتھ جھڑپ میں افغانستان کے صوبے کاپیسا کا ڈپٹی گورنر مارا گیا۔
افغان میڈیا نے دو پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ کاپیسا صوبے کا نائب گورنر عزیزالرحمن تواب جمعہ کے روز طالبان کے ساتھ جھڑپ میں مارا گیا ۔
افغان میڈیا کے مطابق یہ واقعہ افغانستان کے وادی نجراب میں اس وقت پیش آیا جب طالبان عالیشک اور تغاب ضلع کے قبضہ کے لئے پیش قدمی کررہے تھے۔
ذرائع کے مطابق اس حملے میں فورسز کے حمایتی پانچ جنگجو بھی زخمی ہوئے ہیں۔
آخری اطلاعات کے مطابق مذکورہ علاقوں میں تاحال جھڑپین جاری ہے جبکہ طالبان مذکورہ علاقوں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب طالبان ذرائع نے کندھار کے ضلع اسپین بولدک کے حوالے سے چلنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسپین بولدک تاحال طالبان کے کنٹرول میں ہے، طالبان کے مطابق فورسز نے کنٹرول لینے کے لئے آپریشن کا آغاز کردیا جس میں انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔