افغانستان: انڈین فوٹو جرنلسٹ اسپین بولدک میں ہلاک

396

افغانستان کے صوبہ کندھار میں فائرنگ سے ایک انڈین صحافی مارا گیا ہے ۔

فائرنگ کا واقعہ صوبہ کندھار کے ضلع اسپین بولدک کے مقام پر پیش آیا جہاں انڈین صحافی دانش صدیقی مارا گیا ۔

خیال رہے کہ اسپین بولدک افغانستان کا پاکستان سے متصل سرحدی علاقہ ہے جسے گذشتہ روز شدید لڑائی کے بعد طالبان نے اپنے قبضہ میں لے لیا تھا۔

افغان میڈیا کے مطابق مذکورہ صحافی گذشتہ دنوں سے اسی علاقے میں رپورٹنگ کررہا تھاکہ افغان اسپیشل فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپ میں مارا گیا ۔

تاہم طالبان کا موقف اس حوالے سے تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب افغانستان کے صوبہ کندھار میں شدید لڑائی جاری ہے کابل سے دی بلوچستان کے رپورٹر نے اسپتال ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کندھار کے میرویس اسپتال میں اکتیس عام شہری اور دو پولیس زخمیوں کو لایا گیا ہے ۔ اکتیس عام شہریوں میں دس خواتین اور آٹھ بچے شامل ہیں ۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو بولدک، پنجوائی، کرز، میرویس مینہ، ارغنداب سے لایا گیا ہے۔

دریں اثناء افغان فورسز کی جانب سے اسپین بولدک بارڈر کراسنگ کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کی جارہی ہے۔ افغان فورسز اور طالبان میں شدید نوعیت کی جھڑپیں جاری ہے۔