پنجگور اور بولان میں فوجی آپریشن جاری، 1 شخص جانبحق

634

بلوچستان کے علاقے پنجگور اور بولان میں پاکستان فوج کیجانب سے آپریشن جاری ہے۔ پنجگور میں فوجی آپریشن کو آج سات روز مکمل ہوگئے جبکہ بولان میں دوسرے روز آپریشن جاری رہی۔

ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ سات دنوں سے پنجگور کے علاقے کیلکور میں پاکستانی فورسز کی آپریشن جاری ہے۔ فورسز نے کیلکور کے علاقے نکشلی، میر شاہو بازار، بکشی بازار اور شیخ ہارون بازار کو گھیرے میں لے کر خواتین و بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور متعدد چوکیاں بھی قائم کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق دوران آپریشن فورسز نے پیر جان ولد احمد کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث وہ جانبر نہیں ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق پیرداد کیلکور کے علاقہ نکشلی کا رہائشی ہے جہاں آج اسے زد و کوب کرکے قتل کیا گیا ہے۔

خیال رہے پنجگور آپریشن کے دوران اس سے قبل دو افراد کے جانبحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن کی شناخت بولا ولد مولا بخش اور عصاء ولد مارو کے ناموں سے ہوئی تھی۔

دوسری جانب بولان اور ہرنائی کے علاقوں میں فورسز پیش قدمی کررہے ہیں۔ فوجی آپریشن کا آغاز گذشتہ روز کیا گیا۔ آج شاہرگ اور نسک کے علاقوں میں فوج پیش قدمی کررہی ہے۔

حکام نے تاحال فوجی آپریشنوں کے حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔